اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا غریب ترین آدمی ٹیکس دیتا ہے لیکن بڑے لوگ ٹیکس نہیں دیتے، اگر آپ کو مغل اعظم بننے کا شوق ہے تو ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ جو ٹیکس دینا چاہتا ہے اس کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے پاکستانیوں کیلئے وزیر اعظم ہاﺅس میںہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ ہم جیسے دیگر ممالک میں ٹیکس وصولی زیادہ ہو رہی ہے لیکن ہمارے ہاں ٹیکس دینے کی شرح بہت کم ہے۔ ہمیں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح کو بڑھانا ہے کیونکہ عوام کے ٹیکس سے نظام چلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں کا پکڑنا چاہیے، جو ٹیکس نہیں دے رہا اس کے لیے گھیرا تنگ ہونا چاہیے اور جو ٹیکس دے رہا ہے اس کے لیے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں، ایف بی آر کے تمام قوانین انگریزی میں ہیں،اردو میں ہونے چاہئیں۔