لاہور (ویب ڈیسک ) احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے زیر حراست سینئر رہنما عبدالعلیم خان کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر 15 فروری تک ریمانڈ منظور کرلیا۔واضح رہے کہ علیم خان کو گزشتہ روز احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں حراست میں لے لیا گیا تھا جس کے فوراً بعد انہوں نے صوبائی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔نیب نے آج انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا، علیم خان کی پیشی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔اس سلسلے میں عدالت کے 3 کلومیٹر کے اطراف کے علاقے کو کنٹینرز اور خار دار تاروں سے مکمل طور پر سیل کر دیا تھا، سیل شدہ علاقے میں 3 کالج، 5سکول اور فاﺅنٹین ہاﺅس بھی موجود ہے۔احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی، علیم خان کی جانب سےا ن کے وکلا امجد پرویز اور اظہر صدیق جبکہ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے۔
































