تازہ تر ین

ایلیٹ فورس کا کارنامہ : میاںبیوی اور 2 بچیوں کو گاڑی سمیت کھائی میں گرا دیا ، ” خبریں ہیلپ لائن “ میں انکشاف

فیصل آباد(یونس چوہدری ،قمر مرزا) ”پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا“۔فیصل آباد میں ساہیوال جیسا سانحہ رونما ہونے کا خطرہ ٹل گیا۔ فیملی کی جانیں بچ گئیں۔ ایلیٹ فورس کے شیر جوانوں کا کار سوار فیملی کا تعاقب، اہلکاروں نے میاں بیوی اور ان کی دو بیٹیوں پر اسلحہ تان لیا۔ جس کے نتیجہ میں فیملی شدید خوف زدہ ہو گئیں اور ایلیٹ فورس کے جوانوں کی گاڑی کی ٹکر سے میاں بیوی اور ان کی دونوں بچیاں گاڑی سمیت کھائی میں گر گئیں۔ چاروں شدید زخمی ہو گئے اور انکی ہڈیاں پسلیاں ٹوٹ گئیں۔ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ متاثرہ شہری نے واقعہ بارے ون فائیو پر اطلاع کر دی۔ مقامی لوگوں نے خون میں لت پت فیملی کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا۔ مگر واقعہ کو 6یوم گزرنے کے باوجود ذمہ دار پولیس شیر جوانوں کے خلاف کاروائی عمل میں نہ لائی جا سکی ہے۔ متاثرہ فیملی انصاف کی منتظر، فیصل آباد سر فراز کالونی کے رہائشی ڈاکٹر کامران نثار خان نے ”خبریں ہیلپ لائن ٹیم“ کو بتایا کہ وہ یکم فروری کی شب اپنی گاڑی میں اپنی بیوی، دس سالہ بیٹی میرب خان اور سات سالہ بیٹی عنیزہ کے ہمراہ آ رہا تھا کہ ملت ٹاﺅن کے علاقہ ایکسپریس وے ویسٹ کینال روڈ نزد واپڈا سٹی کے قریب پہنچا تو ایلیٹ فورس کی گاڑی نے ہمارا راستہ روک لیا اور تین اہلکاروں نے ہم پر بندوقیں تان لیں۔ میں میری بیوی اور میری بیٹیاں خوف زدہ ہو گئیں اور اسی اثناءمیں ایلیٹ فورس کی گاڑی نے ہماری گاڑی کو ٹکر مار کر کھائی میں گرا دیا۔ جس کے نتیجے میں میری اہلیہ، بیٹی میرب اور عنیزہ بری طرح زخمی ہو گئے اور ہماری گاڑی کھائی میں گرتے ہی ایلیٹ فورس کے جوان موقع سے فرار ہو گئے۔ لوگوں نے ہمیں گاڑی سے نکالا، ریسکیو 15پر کال کرنے پر پولیس موقع پر پہنچی۔ میں نے ان کو تمام واقعات سے آگاہ کیا اوروہ بھی چلے گئے۔ جس کے بعد لوگوں نے ہمیں ہسپتال پہنچایا۔ واقعہ کے باعث میں اور اہل خانہ شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں کہ کہیں ہمیں بھی ساہیوال کے واقعہ کی طرح غلط فہمی کا نشانہ نہ بنا دیا جاتا۔ ایک سوال کے جواب میںمتاثرہ فیملی کے سر براہ نے بتایا کہ مقامی پولیس سے انصاف کی توقع نہ ہونے پر میں نے آئی جی وایڈیشنل آئی جی پنجاب کو کاروائی کےلئے درخواست دی ہے۔ اور چھ یوم گزرنے کے بعد بھی کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی ہے۔ اس امر پر پولیس گردی کا شکار خاندان نے وزیراعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او اور سی پی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لےکر واقعہ کی انکوائری کروا کر ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج و گرفتار کر کے سزا دلا کر انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔



خاص خبریں


shahrukh dubai tower

سائنس اور ٹیکنالوجی


پتلی ایل ای ڈی

آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv