اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مشرق وسطیٰ میں سفارتی سطح پر تعلقات کوبدل کر رکھ دیا،سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی پاکستان آرہے ہیں، آج ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں 172 ناموں پر مشتمل ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کا جائزہ لیا گیا اور 32 کیسز کو نظرثانی کیلئے کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ایجنڈے کے مطابق کابینہ کو پاکستانی ویزا پالیسی میں نرمی سے متعلق بریفنگ دی گئی گی جب کہ وزیراعظم کے مشیر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات پر کابینہ کو رپورٹ پیش کی۔قومی انسداد منشیات پالیسی 2018 کابینہ اجلاس میں پیش کی گئی جب کہ کابینہ نے حج پالیسی 2019 کی منظوری بھی دی جس میں کسی قسم کی کوئی سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے آکر مشرق وسطیٰ میں سفارتی سطح پر تعلقات کو بدل کر رکھ دیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی پاکستان آرہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں گیم چینجر معاملہ چل رہا ہے،پاکستان کا کردار بڑھا ہے، کچھ چیزیں ابھی شیئر نہیں کرسکتے، افغانستان میں امن ہوگا تو خطے کے معاشی حالات بدل جائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا اب جس طرح سے پاکستان کا نکتہ نظر سمجھتا ہے پہلے ایسا نہیں تھا، پاکستان نہیں اب امریکا پاکستان کے نکتہ نظر کوفالو کررہا ہے، پہلی بار عمران خان کے وڑن سے سمت بدل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت حسین نے اداروں میں اصلاحات پر رپورٹ پیش کی ہے، 172 ناموں کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کا جائزہ لیا گیا، 32 کیسز کو نظرثانی کیلئے کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں کے سیکریٹری کے مالیاتی اختیارات بڑھا نے کافیصلہ کیا ہے، ملک بھر میں 43 ادارے و کارپوریشنز جو کام ہی نہیں کررہے ان کو بند کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کوئٹہ، فیصل آباد سے سعودی عرب کیلئے پروازیں شروع ہوں گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ خرم حسین کو تین سال کے لیے پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی کا سربراہ لگا دیا گیا ہے، عرفان آفریدی کو پی پی آئی بی کا سربراہ بنایا گیا ہے، وزیراعظم یوتھ ٹریننگ پروگرام کیلئے 97 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اطلاعات کے مطابق حفیظ پاشا اور نوید حامد کو مانیٹری پالیسی کمیٹی کا رکن بنادیا گیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ نواشریف اور آصف علی زرداری کی سیاست ختم ہوچکی ہے، آصف زرداری تو اب پکے ای سی ایل میں ہیں۔18 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں 100 حصے ہیں،کئی بہت اچھی چیزیں ہیں، کچھ پر بات ہونی چاہیے۔خورشید شاہ اور آصف زرداری سے کرپشن کے پیسے کا حساب مانگیں تو 18 ویں ترمیم کی بات شروع کردیتے ہیں، اصل معاملہ 18 ویں آئینی ترمیم کا نہیں این ایف سی ایوارڈ کے حصے کی تقسیم کا ہے۔