لندن(ویب ڈیسک)برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے مسلسل انجری سے پریشان ہوکر کورٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ میرے لیے کمر کی تکلیف ناقابل برداشت ہوچکی ہے، میں کھیلنا چاہتا تھا لیکن تکلیف کے باعث کھیل جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ میں نے آسٹریلین اوپن کے بعد ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ آسٹریلین اوپن کا آغاز 14 جنوری سے میلبورن میں ہوگا جو 27 جنوری تک جاری رہے گا۔اینڈی مرے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے جذبات پرقابو نہ رکھ سکے اور روپڑے۔ برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے 2012 میں اولمپکس گولڈ میڈل اور یو ایس اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی۔وہ 2013 اور 2016 میں ومبلڈن مینز سنگل چیمپئن شپ جیت چکے ہیں اور سال 2016 میں ورلڈ ریکنگ میں ان کی پہلی پوزیشن تھی۔اینڈی مرے آسٹریلین اوپن کے 4 فائنلز بھی کھیل چکے ہیں لیکن کوئی ٹائٹل نہیں جیت سکے۔ برطانوی ٹینس اسٹار نے 2015 میں ڈیوس کپ میں بھی فتح حاصل کی تھی۔