ماسکو(ویب ڈیسک) روس کے صنعتی علاقے میں واقع ایک رہائشی عمارت میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جب کہ 79 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی روس کے صنعتی شہر کی رہائشی عمارت میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ ملبے سے 3 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ دیگر 79 لاپتہ ہیں۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا، 469 امدادی کارکن طبی کاموں میں مصروف ہیں، 79 افراد کے تاحال ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ریسکیو اداروں نے کسی ممکنہ ہنگامی صورت حال کے خدشے کے پیش نظر آس پاس کی عمارتوں کو خالی کرالیا ہے۔ بھاری مشینری کے ذریعے ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔ قریبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح امدادی کام ہیں، دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ ابھی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ممکن ہے کہ دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا ہو۔روسی صدر ولا دی میر پوٹن نے وزیر صحت کو امدادی کاموں کی نگرانی کے لیے روانہ کرتے ہوئے افسوس ناک واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔