چیچہ وطنی (محمد سعید اختر سے) سسرالیوں کے ظلم کا شکار حوا کی بیٹی15 گھنٹے زخمی حالت میں بے آسرا رورل ہیلتھ سینٹر غازی آباد میں پڑی رہی۔ درویش پورہ کے رہائشی شاہ محمد کی بیٹی زرینہ بی بی کی شادی12 سال قبل نواحی گاﺅں77/9-L 1میں احسان اللہ کے ساتھ ہوئی تھی، جس سے اسکے چار بچے ہیں، زرینہ بی بی کا خاوند روز گار کے سلسلہ میں بیرون ملک مقیم ہے، گزشتہ روز منیراں بی بی اور زرینہ بی بی کا دیور محمد عمران اس کے گھر میں داخل ہوا اور گالی گلوچ کرتے ہوئے اسے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا اور سر میں ڈنڈا مار کر اسے شدید زخمی کر دیا۔ زرینہ بی بی کو زخمی حالت میں اہل محلہ رورل ہیلتھ سینٹر غازی آباد لے گئے جہاں پر 15 گھنٹے تک زرینہ بی بی زخمی حالت میں بے یار و مدد گار پڑی رہی، ڈاکٹر کی منت سماجت کے بعد رزلٹ حاصل کیا گیا، علاج میں تاخیر ہونے کی وجہ سے زرینہ بی بی کی حالت غیر ہو گئی جسے تشویش ناک حالت میں ساہیوال ریفر کر دیا گیا۔ زرینہ بی بی کے ورثاءنے احتجاج کرتے ہوئے ڈی سی ساہیوال اور محکمہ ہیلتھ کے اعلیٰ افسران سے ڈاکٹر اور رورل ہیلتھ سینٹر کے عملے کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
































