انقرہ(ویب ڈیسک) ترکی کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ارجنٹائن میں ہونے والی جی-20 سمٹ کے دوران صدر طیب اردگان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ترک صدر طیب اردگان سے ٹیلیفونک گفتگو میں ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ترک صدر طیب اردگان نے ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کی خواہش پر نیم رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیکھتے ہیں ملاقات کے لیے حالات کتنے سازگار ہوتے ہیں۔ سعودی ولی عہد اور ترک صدر ارجنٹائن میں جی-20 ممالک کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر طیب اردگان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے اس لیے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں 30 نومبر کو ہونے والی جی-20 سمٹ کے دوران دونوں رہنماﺅں کی ملاقات کا قوی امکان ہے۔واضح رہے کہ استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے ترکی اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں کشیدگی تاحال برقرار ہے۔