ممبئی(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون کا اپنے ہونے والے شوہر رنویر سنگھ کے بارے میں کہنا ہے کہ انہیں رنویر کے لائف اسٹائل اور سونے کی عادت سے نفرت ہے لیکن انہیں اپنے منگیتر کا جذباتی انداز بہت پسند ہے۔اداکارہ دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ نے حال ہی میں بالی ووڈ پروڈیوسر کرن جوہر کے شو”کافی ود کرن“میں شرکت کی جہاں دپیکا نے پہلی بار اپنے اور رنویر کے رشتے سے متعلق کھل کر بات کی۔ شو کے دوران دپیکا نے بتایا کہ ان کے اور رنویر کے درمیان محبت کا آغاز 6 سال قبل فلم”رام لیلا“ کے سیٹ پر ہواتھا اور یہیں پر دونوں نے ایک دوسرے کو نزدیک سے جانا۔دپیکا نے رنویر کی پسندیدہ عادتوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں رنویر کا جذباتی انداز بہت پسند ہے وہ اپنے جذباتوں کا اظہار کرتے ہوئے رونے سے بھی نہیں گھبراتے، مجھے ان کی یہی عادت بہت پسند ہے اور رنویر بہت اچھے انسان ہیں، وہ نہ صرف رحم دل ہیں بلکہ لوگوں کے ساتھ بھی بہت اچھے سے پیش آتے ہیں تاہم رنویر کے لائف اسٹائل اور سونے کی عادت سے نفرت ہے اور وہ رنویر کے فیشن سینس کو برداشت کرتی ہیں۔دپیکا نے اس سے قبل بھی ایک انٹریو میں رنویر کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم”پدماوت“ میں جس شدت سے رنویر نے ”خلجی“ کا کردار نبھایا مجھے نہیں لگتا کوئی اور اداکار اس طرح نبھاپاتا۔واضح رہے کہ بالی ووڈ کی یہ خوبصورت جوڑی 14 اور 15 نومبر کو اٹلی کے خوبصورت مقام ’لیک کومو‘میں شادی کے بندھن میں بندھے گی۔