ممبئی (ویب ڈیسک)مداحوں کا انتظار ختم ہونے کو ہے کیونکہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے منگیتر و امریکی گلوکار نک جونس آئندہ ماہ نومبر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں۔بھارتی نیوز ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ جوڑا اس وقت بھارت میں موجود ہے اور شادی کی تیاریوں میں مصروف ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں دونوں نے بھارتی ریاست جودھ پور کا دورہ بھی کیا۔قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ پریانکا اور نک کی شادی جودھ پور کے محل اومید بھون میں ہوگی۔دونوں نے شادی میں 200 مہمانوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں صرف قریبی عزیز و اقارب شامل ہوں گے۔رپورٹس کے مطابق شادی سے قبل پریانکا کا برائیڈل شاور نیویارک میں ہوگا کیونکہ اداکارہ سمیت ان کے منگیتر کے متعدد ہالی وڈ دوست نیویارک میں ہیں۔پریانکا کی شادی، نک جونس کے بھائی جو جونس کی شادی سے قبل متوقع ہے جو صوفی ٹرنر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔حال ہی میں پریانکا چوپڑا نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ وہ کتاب لکھ رہی ہیں اور جلد ہی شادی کرنے کا بھی سوچ رہی ہیں۔ واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار نک جونس سے رواں برس اگست میں منگنی کی تھی۔منگنی کی رسم ممبئی میں پریانکا کے گھر میں ہوئی تھی، جس میں قریبی عزیر و اقارب نے شرکت کی تھی، بعدازاں منگنی کا جشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں چند بالی وڈ ستارے شریک ہوئے تھے۔