ممبئی (ویب ڈیسک)جہاں بولی وڈ اداکارائیں می ٹو مہم کا حصہ بنتے ہوئے خواتین کے خلاف ہونے والے تشدد کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں وہیں اب اداکار اور پروڈیوسر عمران ہاشمی نے بھی اس مہم کا حصہ بنتے ہوئے اپنے معاہدے میں انسداد جنسی ہراساں کی شق شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اداکار نے اپنی پروڈکشن کمپنی عمران ہاشمی فلمز کے بینر سے یہ قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنے تمام معاہدوں میں ایسی شقیں شامل کریں گے جن کے بعد اگر اس پروڈکشن کمپنی کا حصہ بننے والے کسی شخص کو جنسی ہراساں کیا گیا تو اس معاملے کو قانون کی خلاف ورزی ہی قرار دیا جائے گا۔عمران ہاشمی نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ صرف ایک معمولی اقدام ہے، لیکن ہمیں کہیں سے تو شروعات کرنی ہوگی۔اداکار کا بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ایسی شقیں ہر طرح کی انڈسٹریز کے معاہدوں میں ضرور شامل کرنی چاہیے، اب تک کسی پروڈکشن کمپنی نے ایسا نہیں کیا، لیکن می ٹو مہم کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی شق شامل کرنا ضروری ہوچکا ہے، میری پروڈکشن کمپنی میں تو کم از کم ایسے معاہدے مرد و خواتین دونوں کے لیے ہیں‘۔عمران ہاشمی نے مزید کہا کہ ’جنسی طور پر ہراساں کیے جانے جیسے معاملے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی برداشت کیا جاسکتا ہے‘۔یاد رہے کہ عمران ہاشمی اپنی فلموں میں اداکاراو¿ں کے ساتھ کئی بولڈ مناظر فلما چکے ہیں۔اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’میں عام طور پر ایسے کسی سین کی شوٹنگ سے قبل اداکارہ سے اس حوالے سے بات کرتا ہوں، تاکہ میں اس بات کا اندازہ لگا سکوں کہ وہ اس سین کی شوٹنگ کے لیے مطمئن ہیں‘۔اداکار نے مزید کہا کہ ’ایسا کئی بار ہوا ہے جب ہمیں ایسے سینز کی شوٹنگ کرنی تھی جس میں بوسہ لینا، یا نامناسب رقص کرنا ہو، تاہم اداکاراو¿ں غیر مطمئن ہونے کے باعث اسے منسوخ کردیا گیا‘۔عمران نے کہا کہ ’مردوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ انہیں اداکاراو¿ں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے، اب خواتین کو ایک پلیٹ فارم ملا ہے جس کی مدد سے وہ بات کرسکتی ہیں، اب کچھ بھی چھپ نہیں سکتا‘۔واضح رہے کہ می ٹو مہم کا آغاز گزشتہ سال اکتوبر میں ہولی وڈ سے ہوا، جس کے بعد بھارت میں اس مہم کا حصہ سب سے پہلے اداکارہ تنوشری دتہ بنیں۔تنوشری دتہ نے می ٹو مہم کا حصہ بنتے ہوئے معروف اداکار نانا پاٹیکر پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا، جس کے بعد کئی اور خواتین نے بھی آگے بڑھ کر اس مہم کے سپورٹ میں آواز اٹھائی۔نانا پاٹیکر کے علاوہ ہدایت کار وکاس بہل، اداکار آلوک ناتھ، اداکار رجت کپور اور ہدایت کار ساجد خان پر بھی کئی خواتین نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔