جکارتہ(ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی اور شہر پالو میں شدید زلزلہ اور سونامی کے نتیجے میں 400 افراد ہلاک ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرہ سولاویسی میں زلزلے کے شدید جھٹکوں اور آفٹر شاکس کے بعد سونامی کی 10 فٹ بلند لہروں نے پالو شہرمیں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 400 سے زائد افراد ہلاک جب کہ متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی ہے جس کی گہرائی زیر زمین 10 کلومیٹر تھی جس نے شہر پالو میں سونامی کی 10 فٹ بلند لہریں پیدا کیں جب کہ آفٹر شاکس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، سیکڑوں لوگ لاپتہ ہوگئے، بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 5 اگست کو انڈونیشیا کے سیاحتی مرکز لومبوک میں آنے والے زلزلے اور آفٹر شاکس کے بڑے واقعہ میں 460 سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔
