لاہور(شوبز ڈیسک) بُک رائٹرز کلب کے زیراہتمام انقلابی شاعر احمد فراز کی برسی کے موقع ایک تقریب منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت بُک رائٹرز کلب کے چیئرمین رانا عبدالرحمن نے کی۔ اس تقریب میں ادیبوں، دانشوروں، اورصحافیوں نے شرکت کی۔بُک رائٹرز کلب کے سیکرٹری جنرل ایم سرور نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔ تقریب سے کامریڈ زوار ،شاہد راﺅ، عاطف رحمان،حسین احمد شیرازی،شہزاد فراموش، ایم سرور،محمد انور اور رانا عبدالرحمن نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں احمد فراز کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا۔
کرتے ہوئے کہا کہ احمد فراز ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر تھے۔ احمدفراز ترقی پسند شعراءمیں ایک منفرد اورادبی حوالے سے بھی وہ اعلیٰ مقام رکھتے تھے اور رومانی شاعری کی وجہ سے نوجوانوں میں مقبول تھے۔ احمد فراز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی شاعری ہمارا بہترین ادبی اثاثہ ہے۔احمد فراز کی شاعری مزاحمت کی شاعری ہے۔ اردو ادب میں اس حوالے سے احمد فراز ایک بڑا نام ہے۔ آخر میں بُک ہوم رائٹرز کلب کے چیئرمین رانا عبدالرحمن نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ احمد فراز نے ہمیشہ عوام کا ساتھ دیا اور استحصالی طبقات کے خاتمے کے لیے جدوجہد کی اور آواز بلند کی۔انہوں نے شاعری کے علاوہ ریڈیو پاکستان ، نیشنل بُک فاﺅنڈیشن، اکادمی ادبیات پاکستان میں خدمات سرانجام دیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔