فلوریڈا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سول ہیلی کاپٹر بی-60 ایئر کرافٹ فلوریڈا کے ایئر فورس بیس پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار چاروں افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔قبل ازیں صرف ایک شخص کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا تھا کیوں کہ ایئر بیس کے کاغذات میں ہیلی کاپٹر میں صرف پائلٹ کی موجودگی ظاہر کی گئی تھی تاہم ہیلی کاپٹر کے ملبے سے 4 لاشیں برآمد ہونے نے حادثے کو مشکوک بنادیا ہے۔امریکی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر نے ایئر فورس بیس سے ڈِسٹن ایگزیکیٹو ایئر پورٹ کے لیے پرواز بھری تھی تاہم تھوڑی دیر بعد ہی ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔امریکی ایئر فورس نے حادثے کی تحقیقات کے لیے تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایئر فورس بیس کے رن وے سے دور درختوں سے بھرے علاقے میں گرا ہے جہاں ریسکیو ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔