لاہور(آن لائن)قومی مڈل آرڈربلے باز بابراعظم نے کہاہے کہ دورہ انگلینڈمشکل ضرورہے مگر ٹیم اپنا بہتر کھیل دکھائے گی اورفتح نام کرے گی،میں ٹیسٹ میچز میں ابھی تک اچھا پرفارم نہیں کرسکاہوں۔انگلش ٹورکے دوران کوشش ہوگی کہ اپنی کارکردگی کی بدولت ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں۔مصباح اوریونس کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا اس کو کم کیا جائے ۔ کوشش ہوگی وکٹ پرزیادہ دیر تک ٹھہر کر رنزکروں۔ حالیہ برسوں میں پاکستان کی نماندگی کرنےوالے بلے بازوں میں بابراعظم سب سے بہترین دکھائی دیتے ہیں جومحض دس ہفتوں کے دوران دو بار ٹی ٹونٹی بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پاچکے ہیں جبکہ ون ڈے رینکنگ میں پانچ بہترین بلے بازوں میں شامل ہیں۔بابر اعظم کی محدود اوورزکے دونوں فارمیٹس میں کاکردگی کا تسلسل تو برقرار ہے تاہم حیران کن طورپر وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔گزشتہ ٹیسٹ کیلنڈرایئر کے دوراان چھ ٹیسٹ میچوں کی 12اننگزمیں بابر اعظم 16.72کی معمولی اوسط سے صرف 184رنزبناسکے ہیں جن میں صرف دوففٹیاں شامل ہیں ،5اننگزمیں تو وہ کوئی رن بنائے بغیر ہی آٹ ہوگئے تھے۔40 ون ڈے اننگزمیں 7سنچریاں بنانے والے بابراعظم اب تک کیریئرکے گیارہ ٹیسٹ میچوں کی 22اننگز میں سنچری سے محروم ہیں اور دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ ان کے ٹیسٹ کیریئر کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔واضح رہے کہ بابر اعظم کا فرسٹ کلاس ریکارڈ بھی زیاد ہ اچھا نہیں ہے اور 23سالہ بلے باز اب تک40فرسٹ کلاس میچز میں 34.29کی اوسط سے 2092رنز سکور کرسکے ہیں جن میں صرف 2سنچریاں اور14نصف سنچریاں شامل ہیں۔