میلبورن ( نیوز ا یجنسیا ں ) چار ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں جاپان نے پاکستان کو 3-1 سے شکست دے دی۔ گرین شرٹس کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آسٹریلوی شہر میلبورن کے نیٹ بال اینڈ ہاکی سینٹر میں کھلے گئے میچ میں جاپان نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ کینٹی ٹناکا نے 14 ویں منٹ میں گول کر کے جاپان کو برتری دلا دی۔ جاپان کی طرف سے دوسرا گول بھی کینٹی ٹناکا نے 46 ویں منٹ میں کیا۔ چار منٹ بعد جینکی میٹانی نے گول کرکے جاپان کی برتری کو 3-0 کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول 60 ویں منٹ میں ہوا جو عتیق ارشد نے کیا۔ اس طرح جاپان نے میچ میں 3-1 سے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ گرین شرٹس کو پہلے میچ میں میزبان آسٹریلیا کے ہاتھوں 9-1 سے شکست ہوئی۔ ایک اور میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 4-1 سے ہرایا۔ پاکستانی ٹیم اپنا اگلا میچ (کل) ہفتہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ گزشتہ روزمیزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو تاریخ کی بدترین شکست سے دوچارکیا تھا۔پاکستان کو 9-1سے بدنامی کاسامنا کرناپڑا۔میزبان ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا ،8ویں منٹ میں جیز ہیوارڈ نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی، 12ویں منٹ میں جیک ویٹن نے گول کرتے ہوئے سکور2-0کر دیا، دوسرے کوارٹر فائنل میں کلین شمت نے فیلڈ گول کرتے ہوئے برتری کو مستحکم کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر آسٹریلیا کو 3-0 سے برتری حاصل کی۔32ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کا کھاتہ کھولا تاہم اس کے ایک منٹ بعد ہی کلین شمت نے گیند کو جال میں پھینکتے ہوئے بدلہ لے لیا، 43ویں منٹ میں بلیک گوورز نے گول کرتے ہوئے سکور5-1کر دیا۔چوتھے کوارٹر میں آسٹریلیا نے مزید چار گول کرتے ہوئے مقابلہ9-1سے اپنے نام کیا،47ویں منٹ میں ارونا سلام،55ویں،56ویں اور 60منٹ میں گووور بلیک نے گول داغتے ہوئے ٹیم کو بڑے مارجن سے فتح دلائی۔