لاہور (وقائع نگار) چیف ایڈیٹر روز نامہ خبریںضیاشاہد نے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سے ملاقات کی۔ سپیکر نے روزنامہ خبریں کی 25ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضیاشاہد کی زیرادارت شائع ہونے والے اس روز نامہ نے پاکستانی قوم کے سیاسی شعور کو بیدار کرنے میں اہم کردا ادا کیا۔ اس موقع پر ضیاشاہد اور رانا محمد اقبال کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا چیف ایڈیٹر روزنامہ خبریں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی عمارت جمہوریت کی محافظ ہے جس سے سیاسی جماعتیں طاقت حاصل کرتی ہیں لیکن یہ افسوسناک پہلو بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ اراکین اسمبلی کی اکثریت ایوان میں نہیں آتی اور کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کرنا پڑتا ہے۔ سپیکر رانا محمد اقبال کا اس حوالے سے کہنا تھاکہ بطور سپیکر میرے لئے تمام اراکین ایک جیسی اہمیت کے حامل ہیں اور میں بطور کسٹوڈین آف ہاﺅس انہیں اس حوالے سے صرف یاددہانی کروا سکتا ہوں ان کو اجلاس میں شرکت کے لئے زبردستی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ جیسے ملک میں اگر قانون سازی کا کام نہ ہو رہا ہو تو صرف تین ارکان سے بھی اسمبلی کا اجلاس مکمل کیا جاتا ہے لیکن یہاں کچھ مخصوص ارکان جان بوجھ کر کورم کی نشاندہی کرکے اجلاس ملتوی کروا دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ارکان کو اپنی حاضری کو یقینی بنانا چاہیے کیونکہ ان کے ووٹرز نے انہیں منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجا ہے کہ وہ ان کیلئے قانون سازی جیسا اہم ترین کام کریں۔ اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کو ملکر قانون سازی کرنی چاہیے تاکہ اراکین اسمبلی کی حاضری کو معزز ایوان میں یقینی بنایا جاسکے۔ رانا محمد اقبال نے کہا میں جب سے رکن اسمبلی منتخب ہوا ہوں ایک بار صرف پانچ گھنٹے کی تاخیر سے اجلاس میں شریک ہوا، ورنہ آج تک میری حاضری سو فیصد رہی ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے ضیاشاہد کی 50سالہ صحافتی خدمات کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر چیف ایڈیٹر روز نامہ خبریں ضیاشاہد نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو اپنی تازہ تصانیف ”امی جان“ ، ”گاندھی کے چیلے“ اور ”باتیں سیاستدانوں کی“ مطالعہ کیلئے پیش کیں۔