اسلام آباد، لاہور (آن لائن+ مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کے لئے مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل کے اجلاس 3 اکتوبر کی شام پانچ بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے سابق ناہل وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو دوبارہ مسلم لیگ ن کا صدر بنانے کی راہ ہموار کرنے کے لیے سینٹ سے انتخاب بل 2017منظور کروا لیا تھا۔ اس بل کی شق 203کے مطابق نا اہل شخص بھی کسی سیاسی پارٹی کا صدر بن سکتا ہے جبکہ پہلے ایسا نہیں تھا ۔ مسلم لیگ ن کے منصوبے کے مطابق حکمران جماعت انتخاب بل 2017کو 2اکتوبر کو قومی اسمبلی سے منظور کروا لے گی ۔ اگر انتخاب بل 2017منظور ہو جاتا ہے تو 2اکتوبر ہی کو صدرممنون حسین کے دستخط کے بعد یہ قانون کاحصہ بن جائے گا ۔یوں قانون کے مطابق نا اہل شخص کو سیاسی پارٹی کی صدارت کا حق حاصل ہو جائے گا ۔اگر ایسا ہوتا ہے تو 3اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل کے اجلاس میں سابق نا اہل وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے دوبارہ مسلم لیگ ن کا صدر بنا لیا جائے گا۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ووٹ کا تقدس بحال ہو گیا تو سمجھ لیں ہم سب کامیاب ہو گئے۔ 20 کروڑ عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں، سازشیں کرنے والے جلد بے نقاب ہوں گے۔ سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کا لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن جھوٹ کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کرتی ہے۔ ہم 20 کروڑ عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سازش کرنے والے بہت جلد بے نقاب ہوں گے۔ ووٹ کا تقدس بحال ہو گیا تو سمجھ لیں ہم سب کامیاب ہو گئے۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہماری کوششوں سے ملک ترقی کے زینے طے کر رہا ہے۔ تمام اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ملک میں امن و امان قائم ہوا جبکہ دہشت گردی کے خاتمے سے ملک میں خوشحالی آئی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کی دعاں سے بیگم کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری آئی، جلد صحتیابی کے لیے بھی دعاں کی اپیل ہے۔