لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے کرپشن میں ملوث سرکاری افسران کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا‘ جس میں ہوم سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ اور ڈی جی اینٹی کرپشن بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف گھرا تنگ کیا جائے گا۔ جن اعلیٰ افسران کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں مقدمات درج ہیں ان کو فوری گرفتار کیا جائے گا۔ ان اعلیٰ افسران کو گرفتار کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ان کرپشن میں ملوث افسران کو فوری گرفتار کرنے کیلئے محکمہ پولیس کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ اگلے 48گھنٹے میں بڑے افسران کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
