تازہ تر ین

قطری شہزادے کا انٹرویوکب ہوگا؟, اہم ترین خبر آگئی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز صفدر اور چیئرمین نیب چودھری قمر زمان آج جے آئی ٹی میں پیش ہوگئی ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کررکھے ہیں۔ مریم نواز کے ساتھ رمنا پولیس سٹیشن میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس ارسلہ سلیم بھی ساتھ ہیں۔ وزیراعظم کی بیٹی سے کفالت، جائیداد اور والد سے کروڑوں کے تحائف کے لین دین پر سوالات ہوں گے جبکہ چیئرمین نیب کو حدیبیہ پیپرز ملز کی تفصیلات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے منع کرنے کے باوجود مریم نواز شریف کی جے آئی ٹی پیشی کے موقع پر (ن) لیگ کے ہزاروں کارکن وزیراعظم کی صاحبزادی سے اظہار یکجہتی کیلئے فیڈرل جوڈیشنل اکیڈمی پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے سیاسی کارکنوں کو روکنے کے لیے اڑھائی ہزار اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔ جوڈیشل اکیڈمی جانے والی تمام سڑکیں بند ہوں گی اور کسی غیرمتعلقہ گاڑی کو جوڈیشل اکیڈمی کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسلام آباد ایکسپریس وے سے آئی ایٹ کی طرف جانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ ایس ایس پی سکیورٹی جمیل ہاشمی نے بتایا کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد ایکسپریس وے کھلی رہے گی۔ جوڈیشل اکیڈمی کی رابطہ سڑکوں پر سخت رُکاوٹیں ہوں گی۔ سیاسی کارکنوں کو جوڈیشل اکیڈمی کی طرف نہیں آنے دیا جائے گا۔ ادھر مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے اڑھائی تین ہزار کارکن میئر راولپنڈی سردار نسیم، حنیف عباسی، شکیل اعوان، طاہرہ اورنگزیب اور دیگر کی قیادت میں جوڈیشل اکیڈمی پہنچیں گے، (ن) لیگی کارکن نوازشریف پارک جمع ہوں گے۔ اسلام آباد سے بھی کارکنوں کی بڑی تعداد کے آنے کا امکان ہے۔ سابق سنیٹر سیف الرحمن نے کہا کہ شیخ حماد بن جاسم جے آئی ٹی کو پوری طرح مطمئن کریں گے، (ن) لیگ کے رہنما آصف کرمانی نے کہا کہ مریم نواز مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہیں، ان کا سیاست میں روشن مستقبل ہے۔ ماہرین کے مطابق جے آئی ٹی کی رپورٹ میں سب سے اہم معاملہ قطری شہزادے کے انٹرویو کا ہوگا۔ اب خبر آئی ہے کہ مریم نواز کا انٹرویو کرنے کے بعد پوری جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم قطر جائے گی اور کل قطری شہزادے کا انٹرویو کرے گی۔ جے آئی ٹی کے دُبئی میں موجودہ ارکان ممکنہ طور پر شریف خاندان کی گلف سٹیل ملز کے حوالے سے دستاویزات کی جانچ پڑتال کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق جے آئی ٹی 6 جولائی کو شیخ حماد بن جاسم کا بیان ریکارڈ کرے گی۔ یہ بہت اہم بیان ہوگا کیونکہ قطری شہزادہ شریف خاندان کی منی ٹریل کا اہم کردار ہے۔ قطری شہزادے کو صرف لندن کے فلیٹس کا جواب نہیں دینا کیونکہ شریف خاندان نے پاناما کیس میں جو دفاع کیا اس میں بہت سے دوسرے معاملات بھی قطریوں پر ڈالے گئے ہیں۔ سعودی عرب میں سرمایہ کاری کا معاملہ ہو، حسن نواز کی سرمایہ کاری کا معاملہ ہو یا التوفیق کیس میں سیٹلمنٹ کا معاملہ ہو، یہ سب معاملات اسی سرمایہ کاری پر ڈالے گئے کہ یہ قطر سے آئی تھی، عدالت بھی ریمارکس دے چکی ہے کہ قطری شہزادے کی پیشی کے بغیر خط کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی جبکہ پولیس نے جوڈیشل اکیڈمی سے ملحقہ دفاتر میں آنے والوں کو گرفتار کرنا شروع کردیا۔ فیڈرل بورڈ میں آنے والے ایک نوجوان کو موٹرسائیکل سمیت دھرلیا گیا۔نوجوان کو مشکوک ہونے کی بنا پر حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف آنے والے کئی افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا ہے۔
پاور شو



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv