راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں جب کہ سربراہ پاک فوج نے پاراچنارکی سیکورٹی سے متعلق مطالبات پرفوری عمل کرنے کا حکم بھی دیا۔ذرائع کے مطابق پارا چنار میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی، اس موقع پر عمائدین نے پاک فوج اور اس کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں، ہمارا خون پاکستان کے لئے ہے،ہم بہادر افواج کے کردار اور مشکلات کو سمجھتے ہیںذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین نے دھرنا ختم کرنے سے متعلق اپنے مطالبات بھی پیش کئے جس پر آرمی چیف نے علاقے کی سکیورٹی سے متعلق مطالبات پر فوری طور پر عمل کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارا چنار میں بازار میں عین اس وقت یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے تھے جب لوگوں کی بڑی تعداد عید کی خریداری میں مصروف تھی، دھماکے کے بعد متاثرین اور مقامی عمائدین نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے دیا تھا۔