ممبئی: (ویب ڈیسک )رنبیر کپور نے اپنے بھانجے اور سیف، کرینہ کے بیٹے تیمور علی خان کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد تیمور کو فلم انڈسٹری میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
بالی ووڈ میں کپور خاندان کو بہت اہمیت حاصل ہے، کپور خاندان کا تقریباً ہر فرد اس انڈسٹری سے وابستہ ہے، رنبیر کپور اور ان کی کزن کرینہ کپور خان بھی اسی فیملی کا حصہ ہیں، دونوں کا شمار بالی ووڈ کے سپر اسٹارز میں ہوتا ہے تاہم آج تک رنبیر نے کبھی بھی کرینہ کے بیٹے اور اپنے بھانجے تیمور کے بارے میں میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار نہیں کیا تھا لیکن اب رنبیر نے اپنی فلم ”جگاجاسوس“ کی تشہیر کے دوران پہلی بار تیمور کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ”وہ تیمور کو بہت جلد فلموں میں دیکھنے کے خواہشمند ہیں“۔رنبیر نے بھارتی ریڈیو اسٹیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں تیمور کو اس وقت سے دیکھ رہاہوں جب وہ 3 ماہ کا تھا، اس وقت بھی وہ بے انتہا خوبصورت تھا اور اب میں نے انٹرنیٹ پر تیمور کی حالیہ تصاویر دیکھی ہیں جن میں وہ مزید پر کشش ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ اپنی پیدائش سے لے کر اب تک تیمور کسی نہ کسی حوالے سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے، کبھی اپنی بےتحاشا خوبصورتی کی وجہ سے اور کبھی اپنے نام کے تنازعے کے باعث لیکن یہ حقیقت ہے کہ تیمور نے صرف 5 ماہ میں وہ شہرت حاصل کی ہے جسے حاصل کرنے کیلئے لوگوں کو برسوں لگ جاتے ہیں۔خیال رہے کہ رنبیر کپور ان دنوں ہدایت کار انوراگ باسو کی فلم ”جگا جاسوس“ کی تشہیر میں مصروف ہیں فلم میں ان کے ساتھ کترینہ کیف مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔