تازہ تر ین
Mamnoon Hussain

خطے کے امن وامان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت ہے:صدر کا پارلیمنٹ سے خطاب

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ خطے کے امن وامان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت ہے اور اس نے دہشت گردی اور جاسوسی سے حالات خراب کیے ہیں۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ سیاسی عمل کو افراتفری اور گروہی مفاد سے آزاد ہونا چاہیے، اختلاف رائے غیر فطری نہیں لیکن یہ خیر کا باعث ہونا چاہیے، اختلاف رائے سے ترقی کا عمل رکنا نہیں چاہیے، پاکستان میں جمہوریت نے کئی نشیب و فراز دیکھے، جمہوریت نے قوم کی ترقی کی کئی منازل طے کی ہیں۔ پارلیمنٹ کا مقاصد کے حصول کے لیے سفر جاری ہے، پارلیمنٹ نے مشکل حالات میں قومی اتحاد کا ثبوت دیا جس کی وجہ سے تاریخ اس پارلیمنٹ کا کردار ہمیشہ یاد رکھے گی۔صدرمملکت نے کہا کہ ترقی کے دھارے میں سب کو شامل کیا جانا ضروری ہے، پیچھے رہ جانے والوں کو قومی دھارے میں لانے کا احساس قوی ہورہا ہے، بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ معاشرے کا ہر طبقہ قومی تعمیر نو میں حصہ ڈالے۔ممنون حسین کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کیا جائے، کشمیریوں پر بھارتی قابض فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں اور ہم ان کی ہر سطح پر سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کے بغیر استحکام پیدا نہیں ہو سکتا۔صدر مملکت کے خطاب کے دوران اپوزیشن شورشرابا کیا اورنعرے بازی کی، جس کے بعد اپوزیشن اراکین ایوان سے واک آﺅٹ کرگئے۔اس موقع پر اپوزیشن رہنماﺅں نے صدر کے خطاب سے پہلے بولنے کی اجازت کا مطالبہ کیا جس کی اجازت نہ ملنے پر انہوں نے ایوان میں گو نواز گو کے نعرے لگائے اور صدر کی تقریر کے دوران سیٹیاں بجاتے رہے۔بعد ازاں اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آﺅٹ کرکے باہر چلے گئے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv