اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے لندن فلیٹ اور بنی گالہ ہاوس کی منی ٹریل پیش کرنے کا اعلان کردیا ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ وہ منی ٹریل سپریم کورٹ میں پیش کریں گے، ان کی منی ٹریل قطری خط کی طرح نہیں ہوگی۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ یہ بھی بتائیں گے کہ لندن سے رقم پاکستان کیسے منتقل ہوئی۔عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں لندن فلیٹ کی خرید و فروخت کی تمام منی ٹریل پیش کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن فلیٹ فروخت کر کے رقم واپس پاکستان لانے کے تمام ثبوت بھی پیش کروں گا۔عمران خان نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ میں یہ شواہد بھی پیش کریں گے کہ بنی گالہ میں مکان کی تعمیر یونین کونسل موہڑہ نور کی اجازت کے بعد کی۔چیرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) تحریک انصاف کی بیرون ممالک سے فنڈنگ بند کروانا چاہتی ہے کیونکہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو دوسرے ممالک سے بھی فنڈ اکٹھا کرتی ہے۔