لاہور(نیوزایجنسیاں)پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم نواز شریف نے چیئر مین شہریار خان کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے اپنا استعفی وزیر اعظم ہاﺅس بھجوایا تھا تاہم وزیر اعظم نواز شریف نے شہریار خا ن کا استعفی نامنظور کرتے ہوئے پی سی بی میں اعلی سطح کی انتظامی تبدیلی کا معاملہ موخر کردیا ہے جس کے بعد اب موجود ہ سیٹ اپ برقرار رہے گا۔ذرئع کے مطابق شہریار خان کو آئی سی سی میں بگ تھری کو ختم کروانے کاانعام ملا ہے اور وہ اب اپنی 3سالہ مدت 16اگست کو ختم ہونے کے بعدباضابطہ طور پر کرکٹ بورڈ سے رخصت ہوں گے جس کے بعد پی سی بی کا گورننگ بورڈ اگلے 3سال کے لیے نئے چیئر مین کا انتخاب کرے گا،اگست میں پی سی بی گورننگ بورڈ کے کئی اہم ارکان بھی اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہوں گے۔اس سے قبل اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے شہریارکا کہنا تھا کہ وہ اگست میں مدت پوری ہونے پر عہدے سے الگ ہونے کا اعلان کر چکے ہیں اور مدت ملازمت میں توسیع کی درخواست کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ استعفیٰ وزیر اعظم کو ارسال کر چکے جو منظور ہو یا نہیں لیکن وہ ایک اور مدت کیلئے عہدہ نہ سنبھالنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے مزید میچز پاکستان میں کھیلے جائیں جس میں چھٹی ٹیم بھی شامل کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ان کی نجم سیٹھی سے بھی بات ہو چکی ہے۔ شہریارنے کہا ہےسلمان بٹ اور محمد آصف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں جن کی راہ میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں اور ان کی کارکردگی بہتر رہتی ہے تو انہیں سلیکشن کیلئے قابل غور سمجھا جائے گا۔ انہوں نے بلوچستان کے بیٹسمین صاحبزادہ فرحان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لا کر مستقبل کیلئے تیار کرنا چاہتی ہے اور صاحبزادہ فرحان نے حالیہ پاکستان کپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے جن کا مستقبل تابناک دکھائی دے رہا ہے۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی ہی پاکستان کا مستقبل ہیں جن کو آگے بڑھنے کے مواقع دے کر قومی ٹیم میں شامل کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔