سری نگر/نئی دہلی (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلی اور سربراہ نیشنل کانفرنس فاروق عبداللہ نے بھارتی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے ورنہ رہا سہا مقبوضہ کشمیر بھی پاکستان میں شامل ہوجائے گا۔ایک بھارتی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے سری نگر میں جاری ضمنی انتخابات کے دوران تشدد اور قتل و غارت گری پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار مودی سرکار کو ٹھہرایا ۔ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار آگ سے کھیل رہی ہے کیونکہ پتھرا کرنے والے کشمیری نوجوان کسی عہدے یا وزارت کے طلبگارنہیں بلکہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف لڑ رہے ہیں کیونکہ بھارتی حکومت نے ان سے ہر طرح کی آزادی چھین لی ہے اور وہ آزادی کےلیے ہی لڑ رہے ہیں۔انہوں نے مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا، دلی سرکار ہوش کے ناخن لے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے اور بچا کچھا کشمیر بھی پاکستان کے ساتھ شامل ہوجائے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے بھارتی حکومت کو پاکستان سے بھی بات کرنی ہوگی،اس سے قبل کے بہت دیرہوجائے ہمیں جاگ جاناچاہیے،بھارتی حکومت کونوجوانوں ،حریت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزسے بات کرنی چاہیے،ہمیں فوجی نہیں سیاسی حل کی ضرورت ہے۔