رانچی (اے پی پی) بھارت کی آسٹریلیا کے خلاف رانچی ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی، میچ کے چوتھے روز میزبان بھارت نے پہلی اننگز 152 رنز کی برتری کے ساتھ 603 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کر دی، چیتشوار پجارا نے 202 اور وردھیمن ساہا نے 117 رنز بنائے، پیٹ کمنز نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، آسٹریلیا کی 23 کے مجموعے پر 2 وکٹیں گر گئیں، اننگز کی شکست سے بچنے کےلئے 129 رنز درکار ہیں، دونوں وکٹیں جدیجا نے حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو رانچی میں ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 360 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو چیتشوار پجارا 130 اور وردھیمن ساہا 18 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کے درمیان 199 رنز کی شراکت قائم ہوئی، پجارا نے کیریئر کی تیسری ڈبل سنچری سکور کی اور 202 رنز بناکر نیتھن لائن کا شکار بنے، وردھیمن ساہا نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 117 رنز بنائے، روندرا جدیجا 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، اس طرح بھارت نے 152 رنز کی برتری کے ساتھ اننگز 603 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کر دی، پیٹ کمنز نے چار اور اوکیف نے تین وکٹیں حاصل کیں، آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور اس کی کھیل کے اختتام پر 23 کے مجموعی سکور پر 2 وکٹیں گر گئیں، ڈیوڈ وارنر 14 اور نیتھن لائن دو رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، دونوں کو روندرا جدیجا نے آﺅٹ کیا۔، آسٹریلیا کو اننگز کی شکست سے بچنے کےلئے 129 رنز کی ضرورت ہے۔