کوالالمپور(ّویب ڈیسک)رواں سال ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے شیڈول کااعلان کر دیا گیا ہے لیکن اس میں پاکستان کا نام شامل نہیں،اس کی جگہ برطانیہ کو ایونٹ میں شامل کیا گیا ہے ۔چھ ممالک کی ٹیموں کے درمیان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ 27اپریل سے ملائشیا کے شہر ایپو میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا فائنل 6مئی کو ہوگا۔ منتظمین کے مطابق ایونٹ میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، برطانیہ، جاپان، بھارت اور میزبان ملائشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن کو خط لکھا ہے، جس میں اس سے درخواست کی ہے کی وہ پاکستان ٹیم کو اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شامل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔پی ایچ ایف نے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان شروع سے اذلان شاہ ٹورنامنٹ کھیلتا آ رہا ہے۔ اس لیے اسے ایونٹ میں شامل کیا جائے ۔ گزشتہ سال ہونے والے اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی سات ٹیموں میں پانچویں پوزیشن تھی ۔