لاہور(نیوزایجنسیاں) سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بورڈ ان کے خلاف جاری کی گئی حالیہ پریس ریلیز کو واپس لے۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سابق فاسٹ باو¿لر نے کہا کہ ‘کرکٹ کے ڈھانچے میں بہتری لانے کے بجائے پی سی بی نے میری آواز کو دبانے کے لیے پریس ریلیز جاری کردی’، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ‘وہ کرکٹ کی بہتری کے لیے آواز بلند کرتے رہتے ہیں’۔ریورس سوئنگ کے موجد سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ ‘پہلے انہوں (پی سی بی) نے میری پینشن روکی اور اس کے بعد میری آواز کو دبانے کی بھی کوششیں کی گئیں، جو مضحکہ خیز ہے، پی سی بی سٹہ مافیا کو بچانے کے لیے مجھے دبانا چاہتی ہے’۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ‘رواں برس کے آغاز میں عدالت نے اپنے فیصلے میں انھیں صرف ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نجم سیٹھی کے خلاف الزامات عائد کرنے سے روکا تھا، پی سی بی کے خلاف نہیں’۔سرفراز نواز کا کہنا تھا، ‘میں نے بشمول نجم سیٹھی کسی پر بھی جھوٹے الزامات نہیں لگائے، میں سچائی پر یقین رکھتا ہوں اور ہمیشہ سچ بولتا رہوں گا’۔