لاہور(آئی این پی) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے دوہرا معیار دکھادیا ۔شرجیل خان اور خالد لطیف کو فوری معطل کر دیا گیا جبکہ فاسٹ باو¿لر محمد عرفان کو پوری لیگ کھیلنے کے بعد معطل کیا گیا ہے۔تفصیلات کےمطابق دبئی میں پی ایس ایل ٹو کا آغاز ہوا تو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا پی ایس ایل انتظامیہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے افتتاحی میچ کے بعد مبینہ طور پر ملوث شرجیل خان اور خالد لطیف کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے لیگ چھوڑ کر پاکستان واپس بھیج دیا۔ دوسری جانب اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث فاسٹ بالر محمد عرفان ، شاہ زیب حسن کے علاوہ ذوالفقار بابر اور عمر امین سے بھی اینٹی کرپشن یونٹ نے پوچھ گچھ کی مگر ان کھلاڑیوں کو کھیل جاری رکھنے کی اجازت دے دی لیگ کے اختتام کے بعد اب معاملہ پھر گرم ہو گیا پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے محمد عرفان کو معطل کرتے ہوئے چارج شیٹ تھما دی۔ ایک دن قبل چیئرمین پی سی بی نے محمد عرفان کے بارے میں مکمل ثبوت نہ ہونے کا اعتراف کیا تھا اب دیکھنا یہ ہے کہ اس معاملے پر آنے والے دنوں میں کن پردہ نشینوں کے نام سامنے آتے ہیں۔