لاہور (آئی این پی) ریحام خان پی ایس ایل کے فائنل ایونٹ کے انعقاد سے نہال، میچ نہ دیکھنے والوں کو بدقسمت قرار دےدیا۔ ڈیرن سیمی کو بھی خوب خراج تحسین پیش کیا۔ پی ایس ایل فائنل کے بعد واپسی پر ذومعنی انداز میں میچ نہ دیکھنے والوں کو بدقسمت قرار دے دیا اور ساتھ ہی وضاحت بھی کر دی کہ ان کا اشارہ کسی خاص طرف نہیں ہے۔ ریحام خان نے امید ظاہر کی کہ خواتین کا پی ایس ایل بھی ہو۔ ریحام خان ہمت اور جرات کا مظاہرہ کرنے پر ڈیرن سیمی کی بھی مداح نکلیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”میں ڈیرن سیمی کو پاکستان،پی ایس ایل اور پشاور زلمی کیلئے زبردست محبت کا مظاہر ہ کرنے پر اعلیٰ سول ایوارڈ کیلئے نامزد کرتی ہوں“۔ ریحام خان نے ڈیرن سیمی کی فورسز کی ٹوپی پہنے تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ پیغام جاری کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ رات پی ایس ایل سیزن 2 میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی۔