تازہ تر ین

ندیم نصرت ملک دشمنی میں کھل کر سامنے آگئے،ایسی مہم کے آپ بھی دنگ رہ جائیں

نیویارک (سپیشل رپورٹر سے ) ایم کیو ایم کے سابق کنوینر ندیم نصرت کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ”فری کراچی “ کے نام سے شروع کی جانیوالی مہم کی قیادت انہوں نے سنبھال لی ہے ۔ پہلے مرحلے میں اس مہم کے تحت واشنگٹن ڈی سی میں چلنے والی ٹیکسیوں پر ”فری کراچی “ کے اشتہار بورڈ ز لگا ئے گئے جبکہ دوسرے مرحلے میں واشنگٹن ڈی سی سے ہی شائع ہونیوالے امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز میں ”فری کراچی“ کے عنوان سے چار صفحات پر مشتمل خصوصی سپلیمنٹ شائع کروایا گیا ہے ۔ ایم کیو ایم لندن کی جانب سے کچھ عرصہ قبل اعلان کیا گیا تھا کہ ندیم نصرت کو علالت کی وجہ سے ایم کیو ایم لندن کے کنوینر کے عہدے سے الگ کر دیا گیا ہے ۔ عہدے سے علیحدگی کے بعد وہ امریکہ واپس منتقل ہو گئے اور ان کا گذشتہ چند ماہ سے یہاں خاموش قیام تھا ۔ یہ خاموشی اس وقت ٹوٹی کہ جب چند روز قبل واشنگٹن ڈی سی میں فری کراچی کے نام سے ٹیکسی اشتہارات کی مہم شروع کی گئی اور تنظیم کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اس مہم کی قیادت ندیم نصرت کریں گے ۔ امریکی ریاست نیوجرسی میں مقیم ندیم نصرت سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوںنے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پروفیسر حسن ظفر کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد انہوں نے اس مہم کی قیادت کا فیصلہ کیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ فری کراچی مہم کا مقصد کراچی کو پاکستان سے الگ کروانا نہیں بلکہ کراچی کو (مبینہ ) ریاستی جبر و ظلم سے نجات دلانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور پاکستان سے باہر جو بھی واقعات ہو رہے ہیں ، یہ ردعمل ہے ۔ریاست اس ردعمل کو ختم کرنا چاہتی ہے تو انصاف قائم کرے اور یکساں حقوق کو یقینی بنائے ۔ اس عمل سے سب لوگ بشمول بلوچ بھی قومی دھارے میں واپس آن ملیںگے ۔ واضح رہے کہ ندیم نصرت 1992میں الطاف حسین کے ساتھ پاکستان چھوڑ کر گئے تھے ۔ اس وقت سے لیکر اب تک وہ پاکستان واپس نہیں گئے ۔ان کے پاس برطانیہ اور امریکہ دونوں ممالک کی شہریت ہے ۔ایم کیو ایم لندن کی ذمہ داریوں سے الگ ہونے کے بعد وہ دوبارہ امریکہ منتقل ہو گئے ہیں ۔ ندیم نصرت کے مطابق وہ ایک کتاب بھی لکھ رہے ہیں جو کہ چند ماہ تک شائع ہو جائے گی ۔ دریں اثنا امریکہ میں بسنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے واشنگٹن ڈی سی میں ٹیکسیوں پر فری کراچی کے بورڈز اور واشنگٹن ٹائمز میں خصوصی ضمیمے کی اشاعت کو ایم کیو ایم لندن کی پاکستان دشمنی اور پاکستان مخالف قوتوں کے ہاتھوں استعمال ہونے کی سازش کا ایک تسلسل قرار دیا گیا ہے ۔ کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو فری ہونا چاہئیے ، اس دہشت ، بربریت ،تشدد سے جس کو ایم کیو ایم لندن قائم رکھنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حقوق کے نام پر پاکستان دشمنی کی اس مہم کا کمیونٹی منہ توڑ جواب دے گی۔ ایم کیو ایم لندن اور فری کراچی مہم کے رہنما ندیم نصرت سے جب پوچھا گیا کہ امریکی دارالحکومت میں شروع کی جانیوالی فری کراچی مہم کے لئے فنڈز کہاں سے آئے ؟تو انہوں نے کہا کہ میں ابھی اس سوال کا جواب نہیں دے سکتا ۔ جن لوگوں نے اس مہم کی بنیاد رکھی ہے ، ان سے بات کرنے کے بعد ہی تفصیل بتا سکوں گا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv