لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے طلباءکی غیرنصابی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ کی تمام یونیورسٹیز کو مراسلہ جاری کیا ہے کہ طلبہ کی کسی قسم کی غیرنصابی سرگرمی کو منعقد نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی یونیورسٹی میں غیرنصابی سرگرمی کی اجازت دینی ہے تو اس کی تمام صورتحال کا ذمہ دار وائس چانسلر خود ہوگا۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی پروگرام منعقد کیا جاتا ہے تو اس کی نگرانی بذات خود وائس چانسلر کرے۔ دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں تصادم کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی اور پنجاب گورنمنٹ کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ تیار پڑی ہے‘ مگر تاحال رپورٹ کو منظر عام پر لانے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کے اشارے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا پنجاب یونیورسٹی میں پھر حالات کشیدہ‘ طلباءکی ریلی کے باعث یونیورسٹی کے تمام گیٹ بند‘ طلباءو طالبات کو یونیورسٹی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا جس کی وجہ سے طلباءکو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق واضح رہے کہ کچھ روز قبل پشتون کلچر ڈے کی تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کی دو طلباءتنظیموں میں ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جس میں پولیس کے لاٹھی چارج کے دوران متعدد طلباءزخمی ہو گئے تھے۔ اس ہنگامہ آرائی کے بعد پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ نے طلباءسیاست سے متعلق تفصیلی پالیسی پر مشتمل مراسلہ جاری کیا تھا۔