لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آتشزدگی سے پہلی حج پرواز سمیت 6 بین الاقوامی پروازوں کی روانگی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ آگ لگنے کے بعد لاؤنج خالی کرالیا گیا۔
آگ لاؤنج میں واقع امیگریشن کاؤنٹر کی سیلنگ میں لگی۔ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آگ لگنے کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ پہلی حج پرواز کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔ قطر ایئرویز اور سیال ایئر کی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
بیرون ملک سے لاہور ایئرپورٹ پر آنے والی پروازوں کی لینڈنگ میں فی الحال کوئی رکاوٹ نہیں ہے تاہم لینڈنگ کے بعد ان پروازوں کے مسافروں کو تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ایئرپورٹ حکام نے کسی ایمرجنسی کا اعلان نہیں کیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ آگ کی وجوہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔