کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کی ساتوں صنعتی ایسوسی ایشن ایشنز نے 72 گھنٹوں میں گیس بحال نہ ہونے پر ایس ایس جی سی ہیڈ آفس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا، صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ گیس بحران کے ذمے دار وزیر اعظم اور وزیر توانائی ہیں۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں شہر کی ساتوں صنعتی ایسوسی ایشن نے مشترکہ پریس کانفرس میں کہا کراچی کی صنعتوں کو سازش کے تحت گیس فراہم نہیں کی جارہی۔ سندھ میں گیس ہے لیکن یہاں کی گیس دوسرے صوبوں کو دی جارہی ہے۔ اپنے حصے کی گیس مانگ رہے ہیں،کسی سے زیادتی نہیں چاہتے۔
صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ کراچی میں صنعتوں کو گیس کی بندش سے یومیہ 22ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ مزدور بے روزگار ہورہے ہیں۔ وفاقی حکومت کو حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں۔ گیس بحال نہ ہونے پر صنعتکاروں نے ایس ایس جی سی ہیڈ آفس کے سامنے دھرنے اور احتتجاج کا اعلان بھی کیا۔
صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ ایم ڈی ایس ایس جی سی کرسی پر بیٹھنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ حکومت اسی فیلڈ کے تجربہ کارشخص کو ایم ڈی ایس ایس جی سی تعینات کرے۔