تازہ تر ین

اپوزیشن فیٹف پر سیاست چمکانے کیلئے ملک کو نقصان مت پہنچائے، حامد اظہر

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ دو ڈھائی برس میں فیٹف پر بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں لیکن اس حوالے سے اپوزیشن کا بیانیہ افسوسناک ہے اور وہ اپنی سیاست کے لیے پاکستان کو نقصان مت پہنچائے۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ہفتہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کل اپوزیشن بے روزگار ہے اور ایک اچھا بجٹ آیا ہے، معاشی اعداد وشمار بڑے اچھے ہیں، انڈسٹری بھی اچھی ہے لہٰذا اپوزیشن بیانیے کی تلاش میں ہے اور جب انہیں کوئی بیانیہ نہیں مل رہا تو وہ بیانیہ تخلیق کرنا چاہ رہے ہیں۔

توانائی کے مسئلے کے حوالے سے حماد اظہر نے کہا کہ گیس فیلڈ کی مینٹیننس جلد مکمل ہو گی، ہمارے ایل این جی کے دو ٹرمینلز ہیں جن کے ساتھ معاہدہ مسلم لیگ(ن) کے دور میں ہوا اور اس معاہدے میں یہ لکھا ہے کہ 15برس میں یہ ٹرمینلز دو دفعہ ڈرائی ڈاکنگ کرنے کا اختیار رکھتے ہیں، یہ وہ سچ ہے جو مسلم لیگ ن کے معاہدے میں لکھا گیا ہے، اس لیے کمال بھی آپ کررہے ہیں اور سوال بھی آپ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ انہوں نے اسے ڈرائی آف کیا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ بین الاقوامی ادارہ جو ان ٹرمینلز کی سیفٹی کے سرٹیفکیٹس دیتا ہے اس نے کہاہے کہ 30جون کے بعد آپ اس کو نہیں چلا سکتے اور اس کے امریکا کے جو مالکان ہیں انہو ں نے بھی کہا ہے کہ ہم اسے نہیں چلائیں گے تو اب صرف چھ یوم کے لیے یہ جہاز اپنی جگہ سے ہٹے گا اور اس کی جگہ دوسرا جہاز لے لے گا۔

حماد اظہر نے کہا کہ اس دوران صرف دو دن کے لیے اس ٹرمینل سے گیس آئوٹ پٹ زیرو ہوگا اور دیگر ٹرمینلز سے بدستور جاری رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ اگر اس دوران کچھ کمی بیشی ہوئی تو ہم اس کے لیے متبادل انتظام بھی کررہے ہیں اور اس دوران کوئی چیلنج درپیش ہوا تو اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ ہمیں تربیلا سے بھی 50فی صد آئوٹ پٹ مل رہی ہے، اگر یہ چیلنج درپیش نہ ہوتا اور گزشتہ برس جیسی صورتحال ہوتی تو ڈرائی ڈاکنگ کے دوران بھی ہمیں کسی قسم کی ضرورت پیش نہ آتی۔

وزیر توانائی نے کہا کہ حماد اظہر نے کہاکہ 29جون سے 6جولائی تک کے عرصہ کے لیے ہم نے متبادل بندوبست بھی کیا ہوا ہے کہ ہم دوسرے پلانٹس چلا کر اس خلا کو پُر کریں گے اور ہماری کوشش ہو گی کہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنی پڑے، اپوزیشن اب اس معاملے کو اس لیے اس قدر سنسنی دے رہی ہے کیونکہ اپوزیشن کے پاس اور کچھ کرنے کو نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین چار گیس فیلڈز کی مینٹیننس ہونی تھی تاہم ہم نے انہیں مؤخر کردیا ہے البتہ صرف ایک بڑی گیس فیلڈ ایسی تھی جس کی مینٹیننس مزید آگے نہیں کی جاسکتی تھی اس لیے اس کی مینٹیننس کا شیڈول ایک ہفتہ پہلے کردیا تھا اور 29جون سے اس کی بحالی کے ساتھ ہی گیس دوبارہ ملنا شروع ہوجائے گی۔

حماد اظہر نے مسلم لیگ ن کے سابق وزیر توانائی کے تحفظات کے حوالے سے کہاکہ جب بھی ان ٹرمینلز کی ڈرائی ڈاکنگ ہوگی تو لامحالہ متبادل توانائی کا استعمال ضروری ہوگا، یہ پندرہ برس میں دو مرتبہ ہو گا۔

فرنس آئل کے استعمال کے حوالے سے حماد اظہر نے کہاکہ 17-2016 میں 30فیصد فرنس آئل چل رہا تھا اور مسلم لیگ(ن) کے سابق وزیر توانائی ایل این جی کے پلانٹس کمیشن کرچکے تھے، 18-2017میں 19.22 فیصد فرنس آئل پر انحصار تھا جبکہ 19-2018 میں ہم نے اپنی حکومت کے پہلے سال میں 7.5فی صد فرنس آئل کا استعمال کیا، 20-2019 میں 3.53 فیصد اور اب21-2020 میں فرنس آئل کا استعمال 4.4فیصد ہے او ر آنے والے سالوں میں اس سے بھی مزید کم استعمال ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ فرنس آئل کے استعمال کی شرح گزشتہ دوبرس میں کم ترین سطح پر آگئی ہے جو کہ آئندہ مزید کم ہوگی، اس لیے اپنی سیاست چمکانے کے لیے ایسے بیانیے دینا مناسب نہیں ہے، اب ہمیں مسئلہ یہ درپیش ہے کہ یہ تین چیزیں اکٹھی آئی ہیں، تربیلا ڈیم کا پانی نیچے چلا گیا، دوسرے نمبر پر ڈرائی ڈاکنگ پیک سیزن میں آئی لیکن پھر بھی ہم بہترین طریقے سے کریں گے اور استعدادکار کے مطابق ضروریات پوری کریں گے۔

حماد اظہر نے کہا کہ سندھ میں شارٹ فال کی وجہ ڈرائی ڈاکنگ نہیں ہے، ڈرائی ڈاکنگ کے لیے قبل ازوقت اطلاع دینا ضروری ہے تاہم ہمیں انتہائی مختصر وقت میں بتایا گیا ۔ بہرحال اب یہ چیلنج درپیش ہے تو ہم اس سے نبرد آزما ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی بے روزگاری میں کافی چیزیں کررہی ہے جوکہ نامناسب ہیں، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(فیٹف) کی گرے لسٹنگ مسلم لیگ(ن) کے دور میں ہوئی اور بلیک لسٹنگ کی تیاریاں مکمل تھیں، یہ تحفہ ان کے دور میں ملا تھا، اس سے انشااللہ ہم جلد عہدہ برآ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیٹف پر اپوزیشن کا بیانیہ افسوسناک ہے، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ دو ڈھائی برس میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، فیٹف کے سربراہ جو پہلے بلیک لسٹ کرنے کی باتیں کرتے تھے آج پاکستان کی تعریف کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے پورے پاکستان کا فائدہ ہے، اپوزیشن کو گھبرانے کے بجائے اسے پاکستان کی جیت سمجھنا چاہیے، یہ جو تھوڑا سا چیلنج رہ گیاہے یہ بھی ہم 12 ماہ میں پورا کرلیں گے لہٰذا اپوزیشن اپنی سیاست کے لیے پاکستان کو نقصان مت پہنچائے۔



خاص خبریں


shahrukh dubai tower

سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv