تازہ تر ین

خبریں کرکٹ ٹورنامنٹ ، کوارٹر فائنل کی دوڑ جاری ، ایک اوور میں 5 چھکے

-ملتان (نامہ نگار خصوصی، جنرل رپورٹر) روزنامہ ”خبریں“ و”نیااخبار“ کے زیراہتمام شمع بناسپتی اینڈ کوکنگ آئل بنانے والے ادارہ حفیظ گھی ملز پرائیویٹ لمیٹڈ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے سپورٹس گراﺅنڈ ہاکی کمپلیکس ملتان میں ”شمع رمضان کپ 2017ئ“ کے سلسلہ میں پول میچز کے ساتھ پری کوارٹرفائنلز کھیلنے کی بھی جنگ شروع ہوگئی۔ آج کوارٹرفائنل مرحلہ مکمل اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی ٹاپ 4ٹیموں کا بھی فیصلہ ہوگا۔ چھٹے روز کے آغاز میں پول میچز کیلئے ٹیمیں نبردآزما ہوئی ہیں۔ گردونواح کے شہروں اور دیہات سے کرکٹ لورز غروب آفتاب ہوتے ہی بڑی تعداد میں گراﺅنڈ پہنچ گئے تاکہ آغاز میں پول میچز کھیلنے والی اپنی پسندیدہ ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرسکیں۔ چھٹے روز کے معرکہ میں مزید 3ٹیمیں وکٹر الیون، عدیل الیون اورینگسٹر کلب نے 2،2میچز میں کامیابی حاصل کرکے اگلے راﺅنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ینگسٹر کلب کے عامر سلیم نے ایک اوور میں 5چھکے مارے جبکہ پاسبان کلب کے باﺅلر فہیم قریشی نے ایک اوور میں 32رنز دے کر ٹورنامنٹ میں اب تک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے اختتامی مرحلہ میں داخل ہوتے ہی کھلاڑیوں اور شائقین کا جوش وخروش سمندر کی طرح ٹھاٹھیں مارنے لگا ہے۔ آج شب مصنوعی روشنیوں میں بڑی ٹیموں کے سُپرسٹار کرکٹرز کے مابین کوارٹرفائنل کے دلچسپ وسنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ شمع رمضان کپ کے چھٹے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں عدیل الیون نے رانا الیون کو 22رنز سے ہرادیا۔ عدیل الیون نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 38رنز بنائے۔ احسن 17، اظہر 10رنز کے ساتھ نمایان بیٹسمین تھے۔ بعدازاں رانا الیون ہدف کے تعاقب میں 6وکٹوں کے نقصان پر 16رنز بناسکی۔ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فگر کو چھو نہیں سکا۔ عدیل الیون کے یاسر نے 2اور محسن نے 2کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرکے کامیابی میں اہم کردارادا کیا ہے۔ آل رﺅنڈر کارکردگی کے مظاہرہ پر اظہر مین آف دی میچ قرار پائے ہیں۔ دوسرا میچ سٹار بلیوز مظفرگڑھ اور گولڈن سٹار کے مابین کھیلا گیا جس میں سٹار بلیوز مظفرگڑھ کو 14رنز سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سٹار بلیوز نے 3وکٹوں کے نقصان پر 34رنز بنائے جس میں عامر 13رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ بعدازاں گولڈن سٹار مقررہ اوورز میں ایک وکٹ گنواکر صرف 20رنز پر محدود رہی۔ عامر کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ تیسرے میچ میں عدیل الیون نے سٹار بلیوز مظفرگڑھ کو 8وکٹوں سے پچھاڑ دیا۔ سٹار بلیوز مظفرگڑھ نے پہلے کھیلتے ہوئے 5وکٹوں کے نقصان پر 39رنز بنائے جس میں مدثر کی جانب سے 25رنز کی جارحانہ اننگز بھی شامل تھی۔ عدیل الیون کے محسن اور اظہر نے 2،2کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ بعدازاں عدیل الیون نے مقررہ ہدف 2وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ نادر 19رنز کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ رہے۔ چوتھے میچ میں الجہاد کلب نے امیرآباد کلب کو 9وکٹ سے شکست دی۔ امیرآباد کلب نے ایک وکٹ گنواکر 29رنز بنائے۔ فیضان بھٹی 16رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ بعدازاں الجہاد کلب نے مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔ بلال 10رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پائے۔ پانچویں میچ میں مبین الیون نے بی سی سی کو 9وکٹوں سے ہرادیا۔ بی سی سی نے 4وکٹوں کے نقصان پر 45رنز بنائے۔ سہیل 18، عنایت 13رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ بعدازاں مبین الیون نے امجد غوری کی ناٹ آﺅٹ 30رنز اور عارف کی ناٹ آﺅٹ 14رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کھوکر حاصل کرلیا۔ امجد غوری مین آف دی میچ قرار پائے۔ چھٹے میچ میں الریاض الیون نے ملک الیون کو 10وکٹوں سے ناک آﺅٹ کردیا۔ ملک الیون نے 7وکٹیں گنواکر 23رنز بنائے۔ شیخ شہزاد 6رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ الریاض کے فرحان بشیر نے 3اور بلال نے 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بعدازاں الریاض الیون نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ حسن ناٹ آﺅٹ 24رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ فرحان بشیر کو بہترین باﺅلنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ساتویں میچ میں پاسبان کلب نے مدمقابل ذیشان الیون کو بآسانی 10وکٹوں سے شکست دیدی۔ ذیشان الیون نے 5وکٹوں کے نقصان صرف 12رنز بنائے۔ عبداﷲ نے 2کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ بعدازاں پاسبان کلب نے بغیر کسی نقصان ہدف حاصل کرلیا۔ شاہد بشیر 8رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ عبداﷲ کو بہترین باﺅلنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آٹھویں میچ میں فیورٹ وینس الیون کو الجہاد کلب کے ہاتھوں اپ سیٹ 7وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وینس الیون نے 5وکٹوں کے نقصان پر صرف 23رنز بنائے جس میں گل احمد کے 9رنز شامل تھے۔ الجہاد کے ایاز اور اختر نے 2، 2کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ بعدازاں الجہاد کلب نے 3وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ وینس الیون کے جاوید نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ ایاز علی مین آف دی میچ قرار پائے۔ نویں میچ میں ینگسٹر کلب نے رائزنگ سٹار کو 10وکٹوں سے شکست دی۔ رائزنگ سٹار نے 4وکٹوں کے نقصان پر 19رنز بنائے۔ علی 10رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ ینگسٹر کے سیف الرحمن اور انجم نے 2، 2کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ بعدازاں ینگسٹر کلب نے مطلوبہ ہدف بغیر نقصان کے حاصل کرلیا۔ عامر سلیم کے 12رنز شامل تھے۔ سیف الرحمن آل راﺅنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ رہے۔ دسویں میچ میں ینگسٹر کلب نے پاسبان الیون کو 9رنز کی واضح برتری سے ہرایا۔ ینگسٹر کلب نے جارحانہ انداز میں عامر سلیم کے ناٹ آﺅٹ 32اور خصال کے ناٹ آﺅٹ 28رنز کی بدولت ایک وکٹ گنواکر 62رنز بنائے جس کے تعاقب میں پاسبان الیون 5وکٹوں کے نقصان پر 43رنز تک محدود رہی ہے۔ صرف ثاقب 20رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ ینگسٹر کے ابوبکر نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے کامیابی میں اہم کردارادا کیا۔ عامر سلیم بہترین بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔ گیارہویں میچ میں وکٹر الیون نے مدمقابل الجہاد کلب کو 6رنز سے شکست دی۔ وکٹر الیون نے 3وکٹوں کے نقصان پر جارحانہ 50رنز کا مجموعہ بنایا جس میں کلیم 18اور ذیشان 12رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ بعدازاں الجہاد کلب کی مزاحمت 7وکٹوں کے نقصان پر 44رنز بناسکی۔ وکٹر الیون کے کلیم مین آف دی میچ قرار پائے۔ چھٹے روز کے تمام میچز میں امپائرنگ کے فرائض ندیم خضری، محمد بلال نے انجام دیئے۔ آفیشل سکورر صداقت علی قریشی تھے۔ کرکٹ ٹورنامنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر ملتان منور احسان قریشی نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ وسیب کے کھلاڑیوں کیلئے صلاحیتیں منوانے کا بڑا پلیٹ فارم ہے۔ ”خبریں“ گروپ نے سماجی، ثقافی میدان کے بعد کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی انقلاب برپا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی سیٹ اپ میں آئندہ بجٹ میں کھیلوں کے فروغ میں خاطرخواہ رقم رکھی جائے گی جبکہ بلدیاتی حکومت کی جانب سے نئے گراﺅنڈ کی تعمیر اور پہلے سے موجود گراﺅنڈز کی اپ گریڈیشن کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ شہر کے مختلف پارکوں میں جوگنگ ٹریک بنائے جارہے ہیں۔ کامیاب ایونٹ پر ”خبریں“ اور سپانسر ادارہ حفیظ گھی اینڈ جنرل ملز بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈی نیشن فاروق ڈوگر نے کہا کہ کرکٹ پاکستان کا پسندیدہ اور سب سے زیادہ کھیلا جانے والا کھیل ہے اور قومی ٹیم کی کامیابیوں سے قوم کے مزاج پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ”خبریں“ کے اس کامیاب ایونٹ نے کرکٹرز کے ساتھ شائقین کے دل بھی جیت لئے ہیں۔
کرکٹ ٹورنامنٹ



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv