تازہ تر ین

سلمان خان فائرنگ کیس کے ملزم کی جیل میں موت، اہل خانہ کا قتل کا الزام

ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کیس میں گرفتار ملزم نے دورانِ حراست خودکشی کرلی، ملزم کے اہلخانہ نے پولیس پر قتل کا الزام لگا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ انوج تھاپن نے اپنے ایک اور ساتھی کے ساتھ مل کر سلمان خان کے ممبئی کے گھر پر فائرنگ کے لیے ملزمان کو اسلحہ فراہم کیا تھا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پہلے شوٹر وکی گپتا اور ساگر کو ریاست گجرات کے علاقے بھوج سے گرفتار کیا تھا اور پھر 26 اپریل کو انوج تھاپن کو بھارتی ریاست پنجاب سے گرفتار کیا تھا۔
انوج تھاپن کو ممبئی پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب کرائم برانچ کی جیل میں رکھا گیا تھا جہاں اس واقعے میں ملوث دیگر ملزمان بھی قید تھے، پولیس نے بتایا کہ یکم مئی کی صبح 11 بجے کے قریب ملزم انوج تھاپن بیت الخلا گیا لیکن وہ کافی وقت گزرنے کے باوجود بیت الخلا سے باہر نہیں آیا۔

پولیس نے بتایا کہ جب انوج تھاپن کافی دیر تک باہر نہیں آیا تو پولیس نے زبردستی بیت الخلا کا دروازہ کھولا تو سامنے ملزم پھندہ ڈال کے لٹکا ہوا تھا، انوج کو اسپتال لے جایا گیا جہاں دورانِ علاج اس کی موت ہوگئی۔

ملزم انوج تھاپن کی موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سی آئی ڈی جانچ کرے گی کہ آیا جیل کے قریب تعینات پولیس اہلکاروں نے انوج تھاپن کو خودکشی پر مجبور کیا یا پھر کوئی دوسری وجہ تھی۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جیل کے قریب پانچ پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تھے اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی موجود ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد، ہمیں پتہ چل جائے گا کہ اصل میں کیا ہوا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ دیگر قیدیوں کے مطابق انوج تھاپن کیس کے بارے میں بہت فکر مند تھا کہ اسے ضمانت نہیں مل سکتی۔

دوسری جانب انوج تھاپن کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ اُن کے بیٹے نے خودکشی نہیں کی بلکہ اُسے جیل میں قتل کیا گیا ہے، ملزم کے بھائی ابھیشیک نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم انوج کے قتل کا انصاف چاہتے ہیں۔

انوج تھاپن کے وکیل نے بھارتی میڈیا سے کہا کہ اس کیس کے چاروں ملزمان نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ اپنی حفاظت کو لے کر خوفزدہ ہیں اور 48 گھنٹوں کے اندر ان میں سے ایک ملزم کی موت ہو گئی۔

واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح 5 بجے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد نے تین راؤنڈز فائرنگ کیے تھے اور پھر دونوں افراد فرار ہوگئے تھے۔

دورانِ تفتیش ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے لیے 4 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv