ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دیر بالا میں لینڈ سلائیڈنگ سے 2 بچے جاں بحق، 3 افراد زخمی ہوگئے۔ گزشتہ روز پنجاب اور بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے 24 افراد جاں بحق ہوئے۔
دیربالا میں بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔ بارش سے واڑی کے علاقہ بڈالی میں مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا۔ ملبےتلے دب کر 2 بچے جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے۔
ادھر شیخوپورہ گرد و نواح میں وقفہ وقفہ سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم گندم کی تیار فصل کو نقصان کا خدشہ ہے۔
گزشتہ روز پنجاب اور بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں کے دوران کچھ علاقوں میں آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق ہوئے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد و گردونواح میں تیزہوائیں اورگرج چمک کےساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں گرج چمک کےساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے برسات کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارش کے باعث مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔