وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی قیادت میں وفد آج امریکا کیلئے روانہ ہو گا۔
محمد اورنگزیب اپنے دورے کے دوران آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا کے علاوہ امریکی نائب وزیرڈیوڈ لو اور ڈپٹی سیکریٹری خزانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
دورے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا دورہ 13 سے 21 اپریل تک ہو گا۔ پاکستان آئی ایم ایف سے قرضے کیلئے مشن بھیجنے کی بھی درخواست کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ اپریل میں نئے اور بڑے پروگرام پر آئی ایم ایف سے مذاکرات ہوں گے۔
انھوں نے کہا تھا کہ 14 اور 15اپریل کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ہوں گے، عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مائیکرو اکنامک اسٹیبلٹی کو جاری رکھیں گے۔
محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا تھا کہ آئی ایم ایف کا کم سے کم 3 سال کا پروگرام چاہیے۔