گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ دو روز قبل میں نےاسٹریٹ کرائم کے خلاف بیان دیا، جس پر جواب آیا کہ اپنے کام سے کام رکھیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، صوبے میں کچے کے ڈاکوؤں کا اثر بھی بڑھ رہا ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا جہاں کاروبار ہوگا وہاں کرائم ہوگا، لیکن دنیا میں ایسا نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول نے کہا کہ کراچی کو اون کریں گے، خود وزیراعلیٰ سندھ اور خالد مقبول کےپاس جاؤں گا۔
کامران ٹیسوری کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئی پارٹی نہیں چاہتی شہر میں کرائم ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر اچھےکام میں پیپلزپارٹی کو سپورٹ کرنا چاہیے، تاہم ماننا ہوگا کہ کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیوایم کو مینڈیٹ ملا ہے۔
گورنر نے کہا کہ 50ہزار لوگوں کیلئے آئی ٹی یونیورسٹی کا انتظام کر رہے ہیں، حیدرآباد میں 2 لاکھ سے زائد لوگوں کا آئی ٹی ٹیسٹ لیں گے، میرپور خاص اور دیگراضلاع میں بھی آئی ٹی پروگرام شروع کریں گے۔