تازہ تر ین

شیخ رشید کیس میں مطلوب نہیں تو نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا؟ عدالت ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پر برہم

لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ شیخ رشید اگر اس کیس میں مطلوب نہیں تو نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا؟ آپ کے پاس 2 بجے تک کا وقت ہے عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کریں کہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے بارے میں اب تک کیا اقدامات کیے۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس مرزا وقاص رؤف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست پرسماعت کی۔

اس سلسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، پراسیکیوٹر نیب اور شیخ رشید اپنے وکیل عبدالرزاق خان کے ہمراہ طلبی پر عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سے سوال کیا کہ ہم نے آج وفاقی سیکرٹری داخلہ کو طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں؟ ایڈیشنل سیکرٹری نے بتایا کہ سیکرٹری داخلہ دستیاب نہیں وہ سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا گیا ہے؟ اس پر ایڈیشنل سیکرٹری نے بتایا کہ نیب نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

ایڈیشنل سیکرٹری کے جواب پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی تحقیقات میں شیخ رشید کا نام اس لیے شامل کیا گیا کیونکہ وہ اس وقت وفاقی کابینہ کا حصہ تھے، اس اسکینڈل کی تحقیقات کے بعد نیب نے ملزمان کی فہرست سے شیخ رشید کا نام نکال دیا تھا۔

عدالت نے ایڈیشنل سیکرٹری پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید اگر اس کیس میں مطلوب نہیں تو ان کا نام کس نے ای سی ایل میں ڈالا؟ 2 گھنٹے آپ کو دے رہے ہیں، تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں ورنہ آپ کے خلاف کارروائی کریں گے۔

بعد ازاں عدالت نے 2 بجے تک شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے بارے اٹھائے جانے والے اقدامات سے معلق تحریری طور پر اگاہ کرنے کی ہدایت کردی اور کیس کی سماعت دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv