اسلام آباد: تحریک اںصاف کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر کی عبوری چیئرمین تعیناتی سے پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے اور اس کی صفوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ نے پارٹی کی کور کمیٹی کے خصوصی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا جس کے مطابق اجلاس میں انٹراپارٹی الیکشنز کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کورکمیٹی نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے بطور عبوری چیئرمین نامزدگی پر بیرسٹر گوہر علی خان کو مبارک باد پیش کی گئی۔
شرکا نے بیرسٹر گوہر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی نامزدگی کو پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے کی سازش پر کاری ضرب قرار دیا۔
کور کمیٹی نے کہا کہ بانی عمران خان نے موروثی سیاست کے خاتمے اور پارٹی کو ادارہ بنانے کے ویژن کی تائید و توثیق کی ہے، عمران خان کے اہلِ خانہ کو بےجا سیاست میں گھسیٹنے اور جماعتی معاملات میں مداخلت یا فیصلہ سازی پر اثر انداز ہونے کا جھوٹا، من گھڑت اور سازشی بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔
کورکمیٹی نے کہا کہ نہایت غیرمعمولی حالات میں نہایت اہم منصب پر جماعت کے ایک محنتی، وفاشعار اور قابل کارکن کی نامزدگی بانی چیئرمین کے جماعت کے حوالے سے ویژن کی بےمثال عملی نظیر ہے، نیاز اللہ نیازی کی بطور چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
کور کمیٹی نے مزید کہا کہ ہم یک جان ہوکر اپنے حقیقی اہداف کی جانب بڑھیں گے اور عمران خان کی قیادت میں قومی انتخابات میں بے مثال کامیابی کے ذریعے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور ملک کی حقیقی آزادی کی تاریخی جدوجہد کو منزل سے ہمکنار کریں گے۔