تازہ تر ین

صدر مملکت سے پاکستان کی قومی مرد اور خواتین فٹ بال ٹیموں کے ارکان کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان کی قومی مرد اور خواتین فٹ بال ٹیموں کے ارکان نے ملاقات کی، ملاقات میں فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک اور اراکین نے شرکت کی۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ملک میں فٹ بال کے فروغ کیلئے بین الاقوامی معیار اپنانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے فٹ بال کھلاڑیوں کو تربیت کی بہتر سہولیات اور کوچنگ فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کو ملک میں فٹ بال سے متعلق مسائل کے حل کیلئے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ فٹ بال کو ضلعی اور کلب کی سطح پر فروغ دیا جائے، کھلاڑی پاکستان کے سفیر ہیں، ملک کا امیج بہتر بنانے کے لیے کام کریں، افسوس کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی اندرونی سیاست نے اس کی کارکردگی کو متاثر کیا، امید ہے کہ فیفا کی کمیٹی کی مدد سے فیڈریشن کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔
فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک نے صدر مملکت کو بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 70 لاکھ سے زائد لوگ فٹ بال کھیلتے ہیں، فیڈریشن کے انتظام کو بہتر بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں، خواتین کی فٹبال قومی ٹیم نے 8 سال بعد اپنا پہلا بین الاقوامی کھیل کھیلا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مردوں کی فٹبال قومی ٹیم نے 4 سال بعد اپنا پہلا بین الاقوامی کھیل کھیلا، اب تک ملک کے 163 اضلاع سے تقریباً 4600 کلب رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، دستاویزات اور فزیکل سکروٹنی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔
صدر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مردوں کی ٹیم 2026 فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کرے گی، خواتین کی قومی ٹیم اس سال پیرس 2024 کے اولمپکس کوالیفائرز میں کھیلے گی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv