تازہ تر ین

مذاکرات کامیاب، فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے، ایسوسی ایشن نے 14 فروری کی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن افتخار احمد مٹو نے کہا کہ کل سے ملیں دوبارہ کام کرنا شروع کر دیں گی، چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب افتخار مٹو کے زیر قیادت فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو کلب 8 مدعو کیا گیا۔
نگران صوبائی وزیر انڈسٹری ایس ایم تنویر، وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس بلال افضل اور وزیر ہائر ایجوکیشن منصور قادر کے فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے، سیکرٹری فوڈ زمان وٹو کو ایسوسی ایشن کے مطالبات ماننے کی ہدایات کر دی گئیں۔
تینوں نگران وزراء نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطالبات سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کردیا، وفد میں چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا، چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب افتخار مٹو، لیاقت علی خان، چودھری ریاض، حافظ احمد قادر سمیت دیگر بھی شامل تھے۔
واضح رہے 2 روز قبل پنجاب میں فلور ملز مالکان کو گرفتار کرنے کیلئے 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او تھری لگانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، اس حوالے سے لاہور سمیت دیگر اضلاع کے فلور ملز مالکان کی گرفتاری کیلئے فہرست بھی تیار کر لی گئی تھی۔
حکومتی کریک ڈاؤن کے پیش نظر فلورملز مالکان نے 14 فروری کو ہڑتال کا اعلان کر دیا جس پر حکومت کو خدشہ تھا کہ فلور ملنگ انڈسٹری کے ساتھ محاذ آرائی ملک گیر آٹے کے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے، جس پر فلور ملز مالکان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دور ہوا جس کے بعد فلور ملز مالکان نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv