تازہ تر ین

پاکستانی شائقین بہت جذباتی، کھلاڑی چاہتے ہیں سٹیڈیم میں آئیں: برینڈن میک کلم

لاہور: (ویب ڈیسک) انگلش ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کلم نے کہا ہے کہ پاکستان سے ٹیسٹ سیریز چیلنجنگ ہو گی، دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع ہے، مارک ووڈ فٹنس مسائل کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے، شاہین شاہ آفریدی کی عدم دستیابی پاکستان کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، پہلی بار پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، بہترین مہمان نوازی کی جا رہی ہے اور سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں۔ پاکستانی شائقین کئی سالوں تک انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم رہے، ایک جنریشن نے پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کھیلتے نہیں دیکھا۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں فل ہاؤس کے سامنے کھیلنے کے لئے پرجوش ہیں، کھلاڑی چاہتے ہیں شائقین کرکٹ سٹیڈیم میں پہنچیں۔ پاکستان میں شائقین کرکٹ بہت جذباتی ہیں، ہم بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
انگلش کوچ نے مزید کہا کہ یو اے ای میں بہترین کیمپ میں حصہ لیا، دونوں ٹیموں نے پنڈی سٹیڈیم میں اچھی پریکٹس کی ہے۔ آسٹریلیا میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ مارک ووڈ فٹنس مسائل کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے، امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل مکمل طور پر صحتیاب ہو جائیں گے۔ سینیئرز اور جونیئرز کھلاڑیوں پر مبنی پاکستان کا ٹیسٹ سکواڈ بہت اچھا ہے۔ پاکستان کے خلاف جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی بہترین فاسٹ بائولر ہیں، ان کی عدم دستیابی پاکستان کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ مختلف کنڈیشنر میں خود کو ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو شکست دینے کے لئے انگلینڈ کو اچھا کھیل پیش کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 17 برس بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئی ہے، دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv