تازہ تر ین

معاشی بحران: سری لنکن مسلمان رواں سال حج کی سعادت سے بھی محروم

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں رہنے والے مسلمان ملک میں جاری بدترین معاشی بحران کے سبب رواں سال حج کی سعادت سے بھی محروم ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ آبادی والے ملک سری لنکا کی مجموعی آبادی کے تقریباً 10 فیصد افراد مسلمان ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اپریل میں سعودی عرب کی جانب سے 10 لاکھ ملکی اور غیر ملکی زائرین کو حج کی اجازت دینے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ رواں سال ایک ہزار 585 سری لنکن مسلمان حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
تاہم گزشتہ دنوں سری لنکن حج انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ملک میں جاری بدترین معاشی بحران کی وجہ سے رواں سال سری لنکن شہری حج کی سعادت حاصل نہیں کرسکیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے محکمہ مذہبی امور کے تحت قومی حج کمیٹی کے چیئرمین احکم اویس کا کہنا ہے کہ ‘سری لنکا کے عازمین کے پورے حج آپریشن پر تقریباً ایک کروڑ ڈالر لاگت آئے گی جو کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے دوران بہت بڑی رقم ہے’۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکن حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ملک کو درپیش ڈالر کے شدید بحران کی وجہ سے متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کو 70 سال سے زائد عرصے کے دوران بدترین مالیاتی بحران کا سامنا ہے۔
سری لنکا کے مرکزی بینک کے گورنر نے اعلان کیا تھا کہ اب ملک دیوالیہ ہوگیا ہے کیونکہ ہم 18 مئی تک قرضوں پر عائد سود کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہے۔
اس کے علاوہ حکومت کے پاس تیل کی درآمدکے لیے غیر ملکی کرنسی کا بحران ہے اور تیل کی قلت کے باعث ملک کو بجلی کی بھی شدید کمی کا سامنا ہے، شہری پیٹرول اور ایندھن کے لیے گھنٹوں قطار میں لگنے پر مجبور ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv