تازہ تر ین

ای کامرس، تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کریں گے: وزیراعظم

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مختلف فورمزپر پاکستان اور ترکی یکساں موقف رکھتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے اصولی مؤقف پر ترکی پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف سے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، مختلف فورمزپر پاکستان اور ترکی یکساں موقف رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات ہیں، عوام کی خوشحالی کیلئے اقتصادی تعاون ترجیح ہے، دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے اصولی مؤقف پر ترکی پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ترک صدر سے مذاکرات اور ملاقات مثبت رہی، پاکستان اور ترکی کی اعلیٰ قیادت سے آئندہ ملاقات ستمبر میں اسلام آباد میں ہو گی، ای کامرس، تعلیم، انفراسٹرکچر کے شعبے میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کریں گے، مختلف شعبوں میں ترک سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مذاکرات ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترک صدر سےمذاکرات اور ملاقات مثبت رہی،دونوں ممالک کےدرمیان مذہبی،ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں، دفاعی شعبے میں دونوں ممالک کا تعاون قابل ستائش ہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مذاکرات ہوئے، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کیلئے کام کرتا رہے گا۔ رواں سال دونوں برادر ملک سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام مسئلہ کشمیرپر ترکی کے واضح موقف پر مشکور ہیں، بھارت نے مقبوضہ وادی کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی، پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔
وزیر اعظم کے دورہ ترکی میں پاکستان اور ترکی کے درمیان 7 معاہدوں کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان نالج شیئرنگ پروگرام کے فریم ورک کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان ہائی وے انجینیئرنگ، دو طرفہ تجارت اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ایم او یو پر دستخط ہوئے۔
اس کے علاوہ پاکستان اور ترکی میں تکنیکی معاونت کے پروٹوکول، قرضوں کی منیجمنٹ میں تعاون، پاک ترک ماحولیاتی تبدیلی کے مشترکہ فریم ورک اور پاکستان اور ترکی کے درمیان پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ بڑھانے کے معاہدے کے ایم او یوز پر بھی دستخط ہوئے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv