اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین سے رابطہ کرکے خیریت دریافت کر لی۔ نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی کہ وزیراعظم کو جہانگیر ترین کی صحت کے حوالے سے بتا یا گیا تھا جس پر عمران خان نے جہانگیر ترین سے رابطہ کر کے خیریت دریافت کی تھی ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے عوام کا احساس کرتے ہوئے پٹرول اور بجلی میں کمی کا اعلان کیا ، اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن مہنگائی کم کرنا حکومت کا اہم ٹارگٹ ہے ۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ساتھ جہانگیر ترین گروپ سے بھی تحریک عدم اعتماد میں تعاون کے لیے مدد مانگی گئی تھی ، اس کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیر اعظم عمران خان تقریباً دو سال کے عرصے کے بعد اپنے پرانے ساتھی جہانگیر ترین سے رابطہ کرنے جا رہے ہیں ۔انہی خبروں کے دوران جہانگیر ترین بیماری کی وجہ سے خصوصی طیارے میں سوار ہو کر لندن چلے گئے تھے ۔