تازہ تر ین

قومی صحت کارڈ تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز منصوبہ ہے ، حسان خاور

حسان خاور نے کہا ہے کہ قومی صحت کارڈ تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز منصوبہ ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کا بیان فیڈریشن کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سندھ کے عوام کا احساس ہے نہ مریضوں کا ، سندھ میں آج بھی اسپتالوں میں لوگ بے یارو مددگار نظر آتے ہیں ، تھرمیں بچوں کی ہلاکتیں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کا بڑا ثبوت ہے۔

حسان خاور نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب نیا پاکستان قومی صحت کارڈ پر تنقید کرنے سے پہلے سندھ کے تباہ حال ہیلتھ سسٹم کو دیکھ لیں ، نیا پاکستان قومی صحت کارڈ تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز منصوبہ ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کوئی حکومت ایسا انقلاب آفرین پروگرام نہیں دے سکی ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں مارچ تک پنجاب کے ہر خاندان کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا کی ریکارڈ ویکسینیشن کی ہے ، پنجاب میں ہر صوبے سے مریض علاج معالجے کے لئے آتے ہیں ، پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کی حیثیت سے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھا ہے ، کبھی دعویٰ نہیں کیا کہ ہم نے سندھ یا دیگر صوبوں کے اتنے مریضوں کا علاج کیا ہے۔

حسان خاور نے کہا ہے کہ آج تک ہم نے صوبائیت کی سیاست کی ہے نہ کریں گے ، مرتضیٰ وہاب یاد رکھیں کہ پنجاب میں سندھ،بلوچستان،خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں ، یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ہر پاکستانی کاحق ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب نے چھوٹی بات کر کے ثابت کیاہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی سوچ انتہائی محدود ہے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ہمیشہ چھوٹے صوبوں سے پورا تعاون کیاہے۔

واضح رہے کہ مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کی حالیہ صورتحال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد کیا تھا جس کا مقصد اومیکرون وائرس صورتحال کا جائزہ اور آگے کا لائحہ عمل طے کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے، 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد سے بڑھ گئی ہے، ایک ماہ پہلے یہ نمبر ایک فیصد سے کم تھا، ہم اس وقت سختی کرنا نہیں چاہتے شہری احتیاط کریں، اومیکرون سے بچنے کا سب سے موثر طریقہ ماسک ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ 29 ملین لوگ اب تک پہلی اور دو ڈوز ملا کر سندھ میں ویکسین کروا چکے ہیں، خدارا صورتحال ابھی قابو میں ہے حکومت نہیں چاہتی کے وہ سخت فیصلے کرے، سماجی تقاریب میں اگر ایس او پیز کا خیال رکھیں گے تو مزید احسن انداز میں اس سے نمٹ سکیں گے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اگر اپنے اسپتالوں کو ٹھیک کیا ہوتا تو آج یہ صورتحال نہیں ہوتی، یہ مریض ملک بھر سے سندھ نہیں آرہے ہوتے، گھمبٹ انسٹیٹیوٹ کو سالانہ ساڑھے 4 ارب دیتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی فخریہ کہتی ہے کے یہاں کڈنی اور لیور کا مفت ٹرانسپلانٹ کیا جا رہا ہے، پہلے لوگ جگر کی پیوندکاری کے لئے بھارت کا رخ کرتے تھے، جگر کی اب تک ساڑھے 5 سو لوگوں کا ٹرانسپلانٹ ہو چکا ہے، ایک مریض پر لاگت 40 لاکھ آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اسپتالوں کو اس قابل کرتے ہیں کے آئیے علاج کروائیں، اس میں 52 فیصد کا تعلق سندھ باقی 48 فیصد افراد کا تعلق دیگر صوبوں سے تھا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ فخریہ سندھ حکومت کہتی ہے کہ ہم وفاق میں نہیں لیکن سارے پاکستان کی خدمت کرتے ہیں، آزاد کشمیر سے سال 2021 میں 5 ہزار سے زائد مریض این آئی سی وی ڈی آئے ان کا مفت علاج ہوا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان سے 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد مریض سندھ آئے، کے پی کے سے 8 ہزار سے زائد مریضوں نے سندھ کا رخ کیا، پنجاب سے 51 ہزار سے زائد مریض آئے جن کا مفت علاج کیا گیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv